اسلام آباد میں ایک بین الاقوامی فلاحی ادارے کی جانب سے صنفی امتیاز پر ایک ورکشاپ ہوئی، باتوں کے دوراں مجھ سے ایک سوال ہوا۔ بڑا عجیب سوال۔۔۔، کہ سوال پوچھنے والے صاحب کے ساتھ دیکھا دیکھی سب ہی مندوبین نے اسی سوال پر ٹک مار کر بیٹھ گئے کہ جناب بتائیے، آج تک کوئی عورت نبی کیوں نہیں ہوئی ہے؟
اب میں کیا جواب دیتا! عقل کل ہے مولا کی ذات، میں نادار انسان۔ پہلے تو ایک پل سوچ میں ڈوب گیا۔ پھر کچھ پل خاموش ہونے کے بعد کہنا شروع کردیا:
"کاش کہ دوستو آپ اس سوال کی الٹ پر بھی سوچتے کہ کوئی عورت فرعون کیوں نہیں بنی، کوئی عورت نمرود کیوں نہیں بنی، کوئی عورت وہ ربی کیوں نہیں بنی جنہوں نے عیسیٰ مسیح کو انسانیت سوز عذاب دیکر مصلوب کیا تھا:
میں تو سوچتا ہوں کہ وہ عورت جو دریا میں بہتے ہوئے اس بچے کو اٹھاتی ہے اور اسے دودھ پلاکر بڑا کرتی ہے جو بعد میں دس احکام اٹھا کر لوگوں میں امن کا پیغام لاکر موسیٰ کہلواتا ہے، کیا وہ عورت فرعون کے گھر میں فرعونہ نہیں بن سکتی تھی؟
میں یہ بھی سوچتا ہوں کہ جب عیسیٰ مسیح کی کیلیں لگی ہوئی لاش جہاں اس کے کسی جسم کا کوئی بھی عضوہ نظر نہیں آرہا تھا، بس کہ جما ہوا خون۔۔ اس وقت بجائے اس کہ گنڈیریاں کھاتے یہ متی، یہ مرقس، یہ یوحنا یہ لوقا۔۔۔ یہ بڑے بڑے دبنگ حواری کہلواتے تھے وہ کہاں گئے تھے؟ آخر اس میری میگڈالین کا ہی دماغ کیوں خراب ہوا تھا جس نے اپنے زیور بیچ کر داروغوں سے عیسیٰ مسیح کی لاش اتروائی تھی؟ کیا وہ عورت گلیل میں سکھ و چین کی نیند نہیں سو سکتی تھی؟
مجھے اس عورت پر بھی تعجب ہوتا ہے جو اپنے سے پندرہ برس چھوٹے خاوند کو شدید بخار کی حالت میں "رودادِ حِرا” سن کر تعجب نہیں کھا رہی تھی الٹا یہ کہنے لگی کہ "ایسا ہوتا ہے۔” کیا اس کی ملکیت جائداد عمر بھر کے لیے یا سات پشتوں تک کم تھی؟ کیا وہ بھی جہل یا لہب کی طرح سوچ نہیں سکتی تھی؟
ذرا کربلا کی طرف چلیے، گھر بار، بچے بھائی سب قتل ہوگئے، لیکن اس عظیم عورت کا یزید کی دربار میں شجائت سے بولنا تو دیکھئیے؟ ایسا بھی ہوسکتا تھا کہ مدینہ چھوڑنے سے پہلے اپنے بھائی کو وہ کہ سکتی تھی کہ کیا رکھا ہے بغاوت میں میرے بھائی؟ زندگی اچھی تو گذر رہی ہے؟
اور یوں پوری انسانی زندگی میں عورت کا میں وہ وہ تاریخی روپ سامنے لاتا ہوا، جب کوٹڑی سندھ میں رہنے والی اس عورت کا بھی سوچ رہا ہوں جس کا جوان بیٹا افضل پنہور دن دہاڑے قتل کیا جاتا ہے اور وہ بھی قانون کے رکھوالوں کے ہاتھوں۔۔ لیکن وہ ہنس ہنس کر اپنے بیٹے کی لاش قبر میں ڈال کر کہتی ہے اس کالے قانوں کے خلاف میرا بیٹا سرگرم تھا، کاش میرے تمام بیٹے اس طرح لال لال دلہن (قبر) کے ساتھ سوئیں اور میں بھاگوان خوشی خوشی جھوم اٹھوں۔۔۔!
اب بھی کوئی دوست یہ سوچے کہ کیوں کوئی عورت نبی نہیں بن رہی تو تعجب ہوتا ہے مجھے!
تمام انبیاء کی ماں یہی عورت،
تمام انسانوں کی ماں یہی عورت،
پھر کیوں میرے بھائی اس کی شان کو گھٹا رہے ہیں آپ؟




